Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

رضا اللہ کے ساتھ مل کر پاکستان کو ٹیسٹ میچ جتوانے کی کوشش کروں گا: محمد عباس

 راولپنڈی: پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس نے کہا ہے کہ رضا اللہ اور ان کی کوشش ہوگی کہ سری لنکا کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پاکستان کو کامیابی دلائیں۔

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عباس نے کہا کہ رضا اللہ پاکستان ٹیم کے لیے ایک اچھا اضافہ ہے، انہوں نے انگلینڈ میں ٹیم کو جوائن کیا تھا اور وہ سیکھنے کا جذبہ بھی رکھتے ہیں۔

فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ رضا اللہ نے گزشتہ سال ان کے خلاف ڈپارٹمنٹل کرکٹ کھیلی تھی، دونوں کی پریکٹس اچھی جاری ہے اور تمام کھلاڑی میچ پریکٹس میں مصروف ہیں، جو پاکستان کرکٹ کے لیے خوش آئند ہے۔

محمد عباس نے اپنی فارم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ وہ اچھی فارم میں ہیں اور کوشش ہوگی کہ اپنی موجودہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں۔ پاکستان میں ایک بڑی انفرادی کارکردگی دکھانا باقی ہے اور وہ اس سیریز میں بھی نمایاں پرفارمنس دینے کے خواہشمند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کا کوئی موقع ضائع نہیں کرتے جبکہ فارغ وقت میں کاؤنٹی کرکٹ بھی کھیلتے ہیں۔ یہی تجربہ انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں بہتر کارکردگی دکھانے میں مدد دیتا ہے۔

محمد عباس کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی ٹیم آسان نہیں ہوتی، ہر میچ اور ہر دن اہمیت رکھتا ہے۔ موجودہ قومی اسکواڈ میں کئی نوجوان کھلاڑی شامل ہیں جنہیں بورڈ نے اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع دیا ہے، اب ان کھلاڑیوں کو اپنی مہارت دکھا کر ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔

پچ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ابھی وکٹ کا جائزہ نہیں لیا، پچ دیکھنے کے بعد اسی حساب سے ٹیم کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ وہ اپنے تجربات بھی نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ شیئر کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ 9 نومبر سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More