سڈنی: (ویب ڈیسک) بال ٹیمپرنگ سینڈ پیپر اسکینڈل سے متعلق سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کے انکشافات کے بعد ڈیوڈ وارنر نے بھی خاموشی توڑ دی اور ان کے مؤقف کی بھرپور تائید کردی۔
ڈیوڈ وارنر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس معاملے پر بات کیے کئی سال گزر چکے ہیں، وہ اس حوالے سے عثمان خواجہ کے ساتھ مکمل طور پر کھڑے ہیں۔
سابق آسٹریلوی اوپنر نے عثمان خواجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جو حقائق بیان کیے ہیں وہ سو فیصد درست ہیں۔ اب حقیقت سب کے سامنے آ چکی ہے اور لوگ طویل عرصے سے جاننا چاہتے تھے کہ اس روز دراصل کیا ہوا تھا۔
ڈیوڈ وارنر نے سوال اٹھایا کہ عثمان خواجہ کیمرون بینکرافٹ کے ساتھ موجود تھے، لیکن ان کا انٹرویو نہیں کیا گیا، یہ کیسی تحقیقات تھیں؟ اس بات نے انہیں حیران کر دیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کا مقصد کسی پر انگلی اٹھانا یا پرانے زخم تازہ کرنا نہیں بلکہ احتساب اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ ضروری ہے کہ حقائق کی درست انداز میں جانچ پڑتال کی جائے اور تحقیقات کے ذمہ داروں سے بھی جواب طلب کیا جائے۔
وارنر کا کہنا تھا کہ گزشتہ 8 برس کے دوران میڈیا میں کئی ایسی خبریں سامنے آئیں جو درست نہیں تھیں، جبکہ بہت سے افراد نے خاموشی اختیار کیے رکھی۔ وہ گزشتہ چند روز سے اپنی بیٹیوں کو بھی اس واقعے کی اصل حقیقت سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عثمان خواجہ نے جو کچھ بتایا وہ درست ہے، اگرچہ یہ معاملہ ان کے ساتھ ساتھ کیمرون بینکرافٹ اور اسٹیو اسمتھ کے خاندانوں کے لیے بھی مشکل وقت ہے، لیکن حقیقت کا سامنے آنا ضروری تھا۔
واضح رہے کہ عثمان خواجہ نے اپنی خودنوشت سوانح عمری میں 2018 کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق انکشاف کیا تھا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو اس معاملے کا علم تھا۔ اس واقعے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر، کیمرون بینکرافٹ اور اسٹیو اسمتھ پر پابندیاں عائد کی تھیں۔