ابوجا: نائیجیریا میں جاری 13ویں پولو ورلڈ کپ کوالیفائرز میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کردیا، قومی ٹیم نے افتتاحی مقابلے میں ایران کو 6 کے مقابلے میں 10 گول سے ہرا دیا۔
پاکستانی پولو ٹیم نے پہلے ہی میچ میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ٹیم کو دباؤ میں رکھا اور چار گول کے واضح فرق سے کامیابی حاصل کی۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان، ایران، بھارت اور میزبان نائیجیریا کی ٹیمیں شریک ہیں، جبکہ قومی ٹیم کا اگلا مقابلہ 13 نومبر کو روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔
نائیجیریا میں پولو ورلڈ کپ کوالیفائرز کے مقابلوں کا آغاز 9 نومبر کو ہوا تھا، جو 16 نومبر تک جاری رہیں گے۔
پاکستانی ٹیم کوالیفائرز میں کامیابی حاصل کرکے پولو ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔