تہران: (ویب ڈیسک) آبنائے ہرمز میں بحری کشیدگی خطرناک صورتحال اختیار کرگئی، ایرانی بحریہ اور پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے باعث تین آئل ٹینکروں میں آگ لگ گئی۔
ایرانی حکام کے مطابق آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت پہلے ہی محدود ہے اور فروری میں امریکا کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے بعد سے تہران نے اس آبی گزرگاہ سے گزرنے والے جہازوں کے لیے پیشگی اجازت حاصل کرنا لازمی قرار دے رکھا ہے۔
پاسداران انقلاب کی بحریہ نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ دو آئل ٹینکرز نے اپنے ریڈار اور لوکیشن سسٹم بند کر رکھے تھے اور غیر مجاز راستے سے خفیہ طور پر آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس دوران دونوں جہاز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں دھماکے ہوئے اور آگ بھڑک اٹھی۔
دوسری جانب ایران کی باقاعدہ بحریہ نے بھی ایک تیسرے آئل ٹینکر کے بارودی سرنگ سے ٹکرانے کی اطلاع دی ہے۔
ایرانی بحریہ کے مطابق مذکورہ ٹینکر آبنائے ہرمز کے مشرق میں واقع ممنوعہ اور غیر محفوظ سمندری علاقے سے گزر رہا تھا، جبکہ اس کا ٹریکنگ اور شناختی نظام بھی بند تھا۔ بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی اور اسے سفر روکنا پڑا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اجازت کے بغیر آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے، جس سے خطے میں پہلے سے جاری بحری کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔