سندھ گیمز اور سندھ پنک گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ سردار محمد بخش خان مہر کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں دونوں ایونٹس کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ گیمز کے لیے کھلاڑیوں کے ٹرائلز 23 نومبر سے 6 دسمبر تک اوپن اور میرٹ کی بنیاد پر منعقد ہوں گے، جبکہ منتخب کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 7 سے 10 دسمبر تک لگایا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ سندھ کے تمام اضلاع کے کھلاڑیوں کو کھیلوں کے اس بڑے ایونٹ میں نمائندگی کا موقع دیا جائے گا اور انتخابی عمل میں میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس میں سندھ پنک گیمز 27 سے 29 نومبر تک شہید بینظیر آباد میں منعقد کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر کھیل کے مطابق ایونٹ کا افتتاح خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری کریں گی۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ پنک گیمز میں صوبے بھر سے 1200 سے زائد خواتین کھلاڑی مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گی، جبکہ ایونٹ کے لیے ٹرائلز کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
سردار محمد بخش خان مہر کا کہنا تھا کہ خواتین کھلاڑیوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے تمام ڈویژنوں میں شفاف اور میرٹ پر مبنی ٹرائلز یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔