نواز شریف اور مریم نواز وادی نیلم پہنچ گئے، آج تاوبٹ کے قدرتی مناظر اور تاریخی گیسٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے
مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر اور رکن قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر ان کے میزبان ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے گزشتہ رات وادی نیلم کے خوبصورت علاقے تہجیاں میں قیام کیا، جبکہ دورے کے دوسرے روز آج وہ وادی کے آخری سیاحتی مقام تاوبٹ روانہ ہوں گے۔
وادی نیلم برف پوش پہاڑوں، گھنے جنگلات، آبشاروں، دیودار کے بلند درختوں اور دریائے نیلم کے نیلگوں پانی کے باعث سیاحوں میں خاص شہرت رکھتی ہے۔
مظفرآباد سے تقریباً 200 کلومیٹر طویل اس وادی کے آخری سرے پر واقع تاوبٹ اپنے قدرتی حسن اور پُرسکون ماحول کے باعث منفرد مقام رکھتا ہے۔
دورے کا ایک خاص پہلو دریائے نیلم کے کنارے جنگلات کے درمیان تعمیر کیا گیا دیودار کی لکڑی کا خوبصورت گیسٹ ہاؤس بھی ہے، جس کی تعمیر 2016 میں نواز شریف کے دورِ وزارت عظمیٰ میں ان کے متوقع دورے کے پیش نظر محکمہ جنگلات آزاد کشمیر نے کروائی تھی، تاہم وہ اس وقت یہاں نہیں آ سکے تھے۔
تقریباً دس سال بعد نواز شریف پہلی مرتبہ اس گیسٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے اور کچھ وقت گزاریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی ان کے ہمراہ ہوں گی، تاہم دونوں رہنماؤں کا رات کا قیام دوبارہ تہجیاں میں ہی متوقع ہے۔
وادی نیلم کا یہ دورہ قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔