لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف گلوکارہ شازیہ منظور کی جائیداد پر مبینہ قبضے کی کوشش اور انہیں دھمکیاں دینے کے معاملے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملت پارک پولیس نے گلوکارہ شازیہ منظور کی درخواست پر فوری مقدمہ درج کیا اور کارروائی کرتے ہوئے ملزمان سہیل اور بینش کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے گلوکارہ کو جائیداد کے کاغذات پر زبردستی دستخط کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کی، جبکہ متنازع جائیداد پر پہنچ کر وہاں موجود کرایہ داروں کو بھی مبینہ طور پر دھمکیاں دیں۔
واقعے کا مقدمہ دھمکیاں دینے اور خواتین کو ہراساں کرنے سے متعلق دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ لاہور میں قبضہ مافیا اور شہریوں کو ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔