لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا، جس کے تحت مجموعی طور پر 38 کھلاڑیوں کو مختلف کیٹیگریز میں معاہدوں کی پیشکش کی گئی ہے۔ نئے کنٹریکٹس 30 جون 2027 تک برقرار رہیں گے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق کھلاڑیوں کو ٹیسٹ، ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور ڈیویلپمنٹ کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
بابر اعظم اور سلمان علی آغا کو ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹس کے کنٹریکٹس دیے گئے ہیں، جبکہ ٹیسٹ کیٹیگری میں اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل شامل ہیں۔
ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے معاہدے حاصل کرنے والوں میں ابرار احمد، فخر زمان، فہیم اشرف، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور عرفات منہاس شامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیٹیگری میں حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان اور عثمان طارق کو جگہ دی گئی ہے۔
نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ڈیویلپمنٹ کیٹیگری میں بھی 19 کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے، جن میں عبدالصمد، عبداللہ فضل، احمد دانیال، علی رضا، فرحان یوسف، حنین شاہ، محمد طحہٰ، محمد طیب عارف، محمد غازی غوری، محمد عمران رندھاوا، رضا اللہ، سعد بیگ، سعد مسعود، سمیر منہاس، شاہ زیب خان، شامل حسین، سفیان مقیم اور عبید شاہ شامل ہیں۔
پی سی بی کے مطابق نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا مقصد مختلف فارمیٹس کے کھلاڑیوں کو معاہدوں میں شامل کرنے کے ساتھ مستقبل کے لیے نوجوان ٹیلنٹ کو بھی تیار کرنا ہے۔