تہران: ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ملک میں آبادی کے تناسب میں اضافے کے لیے شہریوں پر جلد شادی کرنے اور زیادہ بچوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے چوتھے قومی آبادی میں اضافے کے ایوارڈ کی تقریب کے نام پیغام میں کہا کہ آبادی میں اضافہ ایران کی سائنسی، ثقافتی، معاشی اور سماجی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ایران کے روشن مستقبل کے خواہش مند شہری نئی نسل کی پرورش اور آبادی کے تسلسل کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے آبادی میں اضافے کو دشمنوں کے خطرات اور عزائم کا مقابلہ کرنے سے بھی جوڑا اور خاندانی نظام کو مضبوط بنانے، جلد شادی، بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور بچوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی پر زور دیا۔
ایرانی سپریم لیڈر نے آبادی میں اضافے کے ہدف کو نئی اسلامی تہذیب کے تصور سے منسلک کرتے ہوئے اسے ملک کے مستقبل کے لیے اہم قرار دیا۔