ماسکو: روس کی سرکاری جوہری توانائی کمپنی روس ایٹم کے سربراہ الیکسی لیخاچیف نے کہا ہے کہ ایران میں بوشہر جوہری بجلی گھر کا منصوبہ رواں سال ہونے والے فوجی حملوں کے دوران کڑے امتحان سے گزرا، تاہم ایران اور روس کے تعلقات بیرونی دباؤ کے باوجود برقرار رہے۔
روسی خبر رساں ادارے ویستی کو انٹرویو دیتے ہوئے الیکسی لیخاچیف نے بتایا کہ روسی ماہرین کی اکثریت ایرانی حکام کے ساتھ رابطے اور باہمی ہم آہنگی کے بعد بوشہر جوہری بجلی گھر سے واپس روانہ ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن بجلی گھر کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھے اور انہوں نے اپنے بین الاقوامی رابطوں کے ذریعے جوہری تنصیب اور وہاں موجود روسی عملے کی سلامتی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے۔
روس ایٹم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بوشہر جوہری بجلی گھر کا منصوبہ بدستور کمپنی کی ترجیحات میں شامل ہے اور بیرونی دباؤ کے باوجود تہران اور ماسکو کے درمیان جوہری تعاون جاری رہے گا۔