میلبرن: سینڈ پیپر اسکینڈل سے متعلق نئے انکشافات کے بعد نشریاتی ادارے نے سابق آسٹریلوی کرکٹرز عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کو کمنٹری پینل سے عارضی طور پر آف ایئر کر دیا۔
نشریاتی ادارے کے منیجنگ ڈائریکٹر اسٹیو کرولی نے دونوں سابق کرکٹرز کو نشریات سے دور رکھنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ واقعات کے تناظر میں عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کو آئندہ چند ہفتوں کیلئے کمنٹری سے وقفہ دیا جائے گا۔
اسٹیو کرولی کا کہنا تھا کہ ادارہ کمنٹری ٹیم کے تمام ارکان کی حمایت کرتا ہے اور مختلف آرا کا خیرمقدم کرتا ہے، تاہم دونوں کمنٹیٹرز پر ہر نئے تبصرے کا جواب دینے کیلئے دباؤ ہے، ایسے حالات میں انہیں برقرار رکھنا مناسب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ناظرین کو آسٹریلیا کے کرکٹ سیزن کی بہترین کوریج فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب کمنٹری پینل سے آف ایئر کیے جانے پر عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ عثمان خواجہ نے اپنی کتاب ’’صبر‘‘ میں سینڈ پیپر اسکینڈل سے متعلق انکشاف کیا تھا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو اس معاملے کا علم تھا، تاہم آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور فاسٹ باؤلر جوش ہیزل وڈ نے ان کے دعوے کی تردید کی تھی۔