Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

سرفراز بگٹی کا بڑا اعلان، نواں کلی اسپورٹس کمپلیکس ایک سال میں مکمل کرنے کا حکم، تاخیر برداشت نہیں ہوگی

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ضروریات ہمیشہ مقدم ہیں، قومی دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے بلوچستان اپنے وسائل اور صلاحیتوں کے ساتھ ہر ممکن قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔ سکیورٹی فورسز ملک کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہی ہیں، جنہیں حکومت بلوچستان اور صوبے کے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پی بی 29 نواں کلی میں جدید میر سرفراز بگٹی اسپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ عموماً مکمل ہونے والے منصوبوں کی افتتاحی تقریبات میں شرکت کو ترجیح دیتے ہیں،

تاہم اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر میں چھ سے سات ماہ کی تاخیر اور زمین سمیت دیگر انتظامی مسائل کے باعث انہوں نے خود سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا تاکہ رکاوٹیں دور کرکے تعمیراتی کام فوری شروع کیا جاسکے۔

انہوں نے کمشنر کوئٹہ کو منصوبے کی ٹاسک فورس کا سربراہ مقرر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام آج ہی شروع کیا جائے۔ سیکریٹری کھیل اور سیکریٹری مواصلات و تعمیرات کو منصوبے کے لیے مالیاتی تخصیص بڑھانے اور مطلوبہ فنڈز کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔

میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ اسپورٹس کمپلیکس ایک سال کے اندر مکمل کیا جائے گا اور منصوبے میں غفلت یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو کھیلوں، تعلیم اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ کھیلوں کے میدان آباد کرکے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی عوامی خدمات اور مختلف طبی اداروں سے متعلق ذمہ داریوں کی ادائیگی کو بھی سراہا اور ان کی کارکردگی کو قابلِ ستائش قرار دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی دہشت گردی کے خلاف جس عزم اور ثابت قدمی سے کھڑے ہیں، صوبائی کابینہ ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عوامی مسائل کے حل اور صوبے کی ترقی کے لیے سنجیدہ ہیں اور عوامی مشکلات کی نشاندہی پر فوری اقدامات کرتے ہیں۔

بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کو دہشت گردی سمیت متعدد چیلنجز درپیش ہیں، تاہم حکومت اور عوام امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں۔ نواں کلی اسپورٹس کمپلیکس نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے عوامی خدمت اور صوبے کی ترقی کے لیے وزیراعلیٰ کے تعاون اور سرپرستی پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا اور منصوبے کی کامیابی کے لیے دعا کی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More