وزیراعظم کی زیر صدارت این سی سی آئی اے کی تنظیم نو سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ادارے کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور مستقبل کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو سائبر جرائم سے محفوظ رکھنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سائبر کرائمز کی روک تھام اور تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔
وزیراعظم نے این سی سی آئی اے اور اس کے ذیلی دفاتر میں آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ماہرین تعینات کرنے، میرٹ پر بہترین افرادی قوت بھرتی کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سائبر کرائم کے زیر التوا مقدمات نمٹانے کے لیے بھی تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے پر زور دیا۔
شہباز شریف نے ادارے کی اصلاحات سے متعلق سفارشات کا جائزہ لینے کے لیے وفاقی وزراء محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کر دی، جو رواں ہفتے کے اختتام تک اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ این سی سی آئی اے کو قومی سطح کی پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت میرٹ کی بنیاد پر بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل افراد کو بھرتی کیا جائے گا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ قومی سلامتی کے حوالے سے سائبر کرائم کا مخصوص نظام فعال ہو چکا ہے اور موجودہ نظام کے تحت مقدمات کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔