Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

خواتین کے حقوق اور کم عمری کی شادی کی روک تھام کیلئے پاکستان، ترکیہ میں اہم پیش رفت، اعظم نذیر تارڑ کی عالمی ویمن سمٹ میں شرکت

استنبول: وفاقی وزیر قانون و انصاف و انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ کی قیادت میں پاکستانی وفد نے ترکیہ کے شہر استنبول میں ساتویں عالمی ویمن سمٹ میں شرکت کی، جہاں خواتین اور بچیوں کے حقوق کے تحفظ، انہیں بااختیار بنانے اور پاک ترکیہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ساتویں عالمی ویمن سمٹ کا انعقاد ترکیہ کی وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات ماہینور اوزدمیر گوکتاش کی میزبانی میں کیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے وفود نے شرکت کی۔ کنوینئر برائے جینڈر مین اسٹریمنگ سارہ احمد بھی پاکستانی وفد کا حصہ تھیں۔

سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان خواتین کو مساوی حقوق، باوقار مقام اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔ خواتین کی سیاسی، معاشی، سماجی اور پیشہ ورانہ شعبوں میں بھرپور شمولیت حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو تعلیم، روزگار، معاشی خودمختاری اور فیصلہ سازی کے عمل میں مؤثر نمائندگی کے مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے۔

بچیوں کے تحفظ، تعلیم، بحالی اور بااختیاری کیلئے پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو بھی اہم اقدامات کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ، سماجی تحفظ کے مؤثر اقدامات اور خواتین کی استعداد کار میں اضافہ حکومتی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔ اسلام خواتین کو عزت، مساوات اور بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے جبکہ ان حقوق کا تحفظ پورے معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

سمٹ کے موقع پر پاکستانی وفد نے ترکیہ کی وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات ماہینور اوزدمیر گوکتاش سے دوطرفہ ملاقات بھی کی، جس میں خواتین کو بااختیار بنانے، کم عمری کی شادی کی روک تھام اور بچیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے مشترکہ اقدامات پر گفتگو ہوئی۔

پاکستانی وفد نے صدر ترکیہ رجب طیب اردوان کی صاحبزادی سمیہ اردوان سے بھی ملاقات کی، جس میں خواتین کی ترقی، بااختیاری اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان سماجی شعبے میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقاتوں میں خواتین کے حقوق کے تحفظ اور کم عمری کی شادی جیسے اہم سماجی مسئلے سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More