بابا گرو نانک کے جنم دن پر سکھ یاتریوں کا خیرمقدم، مہمان نوازی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے: مریم نواز
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بابا گرو نانک کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن، محبت، مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی سرزمین ہے۔
اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ سکھ برادری کیلئے پاکستان میں موجود مقدس مذہبی مقامات کی زیارت کے دوران بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ بابا گرو نانک امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دینے والی عظیم شخصیت ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے والے سکھ یاتری ہمارے مہمان ہیں، ان کی مہمان نوازی اور سہولت کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال پاکستان کی مذہبی رواداری اور روایتی مہمان نوازی کا عملی مظہر ہے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت تمام مذاہب کے پیروکاروں کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ مذہبی سیاحت کا فروغ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت اور پُرامن تشخص اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔