اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے خیبرپختونخوا کیلئے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج پر عملدرآمد شروع ہوگیا، ابتدائی طور پر صوبائی حکومت کو 10 ارب روپے جاری کر دیئے گئے۔
دستاویزات کے مطابق ترقیاتی پیکج کے تحت خیبرپختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع کیلئے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ صوبے کے دیگر 25 اضلاع کیلئے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
مخصوص 12 اضلاع میں مجموعی طور پر 430 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔ ان میں 7 خصوصی منصوبوں کیلئے 19 ارب 27 کروڑ روپے جبکہ 423 دیگر منصوبوں کیلئے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ ان اضلاع میں 100 اور 180 روزہ ترقیاتی منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔
ترقیاتی پیکج میں امن و امان کے 62 منصوبوں کیلئے 39 ارب 19 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، جن کے تحت پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
صحت کے شعبے میں 41 منصوبوں کیلئے 3 ارب 20 کروڑ روپے جبکہ تعلیم کے 72 منصوبوں کیلئے 12 ارب 90 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 دانش سکول قائم کیے جائیں گے، جبکہ 70 سکولوں کی مرمت و اپ گریڈیشن اور 409 سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔
سڑکوں کی بہتری کے 32 منصوبوں کیلئے 12 ارب 70 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں ٹل پاراچنار روڈ اور گومل زام ڈیم کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
اسی طرح 88 مقامات پر پانی کی فراہمی کی سکیموں کو سولرائز کیا جائے گا، جبکہ زرعی شعبے میں 100 طلبہ کو چین میں اعلیٰ زرعی تعلیم کیلئے سکالرشپس دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔
دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کے دیگر 25 اضلاع میں بھی مجموعی طور پر 219 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔