پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان رسالپور میں گریجویشن پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس پروقار تقریب میں شرکت ان کے لیے باعث اعزاز ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے مضبوط فضائیہ کو ملکی دفاع کے لیے ناگزیر قرار دیا تھا۔ پاک فضائیہ نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کے ذریعے مختلف مواقع پر کامیابیاں حاصل کرکے تاریخ رقم کی، جس کا دنیا بھی اعتراف کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کو ایک شاندار تاریخ اور ورثہ حاصل ہے، جبکہ قوم کا اعتماد افواج پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہے۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دفاعی شراکت داری بھی موجود ہے۔
نیول چیف نے مزید کہا کہ عصر حاضر کے پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید تقاضوں کے مطابق تیاری ضروری ہے۔ پاک بحریہ نے بھی جدت کے میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے اور معرکہ حق کے دوران دشمن کو جارحیت سے باز رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا۔
ایڈمرل نوید اشرف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کو مستقبل کی جنگوں کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، پاکستان خطے میں امن، استحکام اور پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔