واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے سے متعلق فیصلہ جلد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایران کے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے مزید حملوں کا آپشن زیر غور رکھے ہوئے ہے۔
امریکی صدر کا یہ بیان قومی سلامتی کے اعلیٰ مشیروں کے ساتھ ملاقات کے بعد سامنے آیا، جس میں ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں، معاشی پابندیوں اور جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی معاہدے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی ویب سائٹ ایگزیوس کے مطابق امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد ٹرمپ اور ان کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان ایران کے معاملے پر یہ پہلی اہم مشاورت تھی۔ ملاقات صدر کو دی جانے والی ہفتہ وار انٹیلی جنس بریفنگ کے دوران ہوئی، جس کی دو امریکی حکام نے بھی تصدیق کی۔
رپورٹ کے مطابق 3 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس نے کانگریس کے دونوں ایوانوں کا کنٹرول حاصل کر لیا تھا، جبکہ ٹرمپ کی ری پبلکن جماعت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انتخابی نتائج میں مہنگائی، ایران جنگ اور ٹرمپ کی پالیسیوں سے متعلق عوامی ردعمل کو اہم عوامل قرار دیا گیا۔
اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ جائزہ لے رہے ہیں کہ ایران کے جوہری پروگرام کو دوبارہ فعال ہونے سے روکنے کے لیے مزید فوجی کارروائی کی ضرورت ہے یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا جائے گا کہ ایران پر مزید حملے کیے جائیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے اور مستقبل میں اسے دوبارہ بحال نہ کیا جا سکے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ ایران کو مکمل طور پر تباہ نہیں کرنا چاہتے، تاہم حالات کے مطابق ایسا کرنا پڑ سکتا ہے اور اس حوالے سے فیصلہ جلد سامنے آ جائے گا۔
ایگزیوس کے مطابق امریکی انتظامیہ اس وقت تین ممکنہ راستوں پر غور کر رہی ہے، جن میں ایران پر حملوں کی نئی لہر شروع کرنا، تہران پر معاشی دباؤ برقرار رکھنا اور اہم رعایتوں کے ساتھ کسی سفارتی معاہدے تک پہنچنا شامل ہے۔
دوسری جانب ایران اور علاقائی ممالک کے درمیان سفارتی سرگرمیوں میں بھی تیزی دیکھی گئی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے قطر، سعودی عرب، ترکیہ، متحدہ عرب امارات، عمان اور مصر کے حکام سے ٹیلی فونک رابطے کیے۔
رپورٹ میں علاقائی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ قطری ثالث ایران اور وائٹ ہاؤس کے درمیان مجوزہ معاہدے کے مسودے پر بات چیت کر رہے ہیں، جس کا مقصد دو روز کے دوران مرحلہ وار اقدامات کے ذریعے فریقین کے درمیان اعتماد بحال کرنا ہے۔
مجوزہ معاہدے کے پہلے مرحلے میں امریکا کی جانب سے ایران کی بحری ناکہ بندی ختم کرنے اور تہران کے منجمد اثاثوں میں سے کچھ رقم جاری کرنے کی تجویز شامل ہے۔ اس کے جواب میں ایران بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کو ان جوہری تنصیبات کے معائنے کی باضابطہ دعوت دے گا جنہیں بمباری کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
منصوبے کے دوسرے مرحلے میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات بحال کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ مذاکرات میں ایران کے پاس موجود اعلیٰ درجے تک افزودہ یورینیم کے ذخیرے کا معاملہ خصوصی اہمیت کا حامل ہوگا۔
تاہم رپورٹ کے مطابق یہ تجاویز ابھی سفارتی مشاورت کے مرحلے میں ہیں اور کسی بھی فریق نے ان شرائط کو باضابطہ طور پر قبول نہیں کیا۔
ادھر ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے کریملن میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کی اور ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا پیغام ان تک پہنچایا۔ ملاقات میں جنگ کے خاتمے اور امریکا ایران کشیدگی کے تناظر میں سفارتی امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن رضائی کے مطابق روسی صدر نے جنگ کے خاتمے کے لیے معاونت کرنے پر آمادگی ظاہر کی، تاہم ایران امریکا کے ساتھ کسی بھی سفارتی رابطے کے لیے اپنی شرائط پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے سفارت کاری کے حوالے سے امریکا کے سامنے سات شرائط رکھی ہیں اور جب تک یہ تمام مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، نہ آبنائے ہرمز کھولی جائے گی اور نہ ہی مذاکرات آگے بڑھیں گے۔
دوسری جانب سفارتی کوششوں کے باوجود امریکی فوج ایران کے خلاف ممکنہ نئی کارروائیوں کی تیاری کر رہی ہے۔ ایگزیوس کو ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ممکنہ حملوں کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے، تاہم واشنگٹن کی جانب سے تاحال کارروائی کا کوئی نیا حکم جاری نہیں کیا گیا۔
رپورٹ میں ممکنہ فوجی سرگرمیوں میں اضافے کو مشرق وسطیٰ میں امریکی بحریہ کے تیسرے طیارہ بردار جنگی بیڑے کی آمد سے بھی جوڑا گیا ہے۔ امریکی بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ اور اس کا جنگی بیڑہ فی الحال سنگاپور میں چند روز قیام کرے گا اور نومبر کے وسط سے قبل سینٹ کام کے زیر انتظام علاقے میں پہنچنے کا امکان نہیں۔
یوں ایک طرف امریکا ایران کے خلاف نئے حملوں کی تیاریوں اور مختلف فوجی آپشنز کا جائزہ لے رہا ہے تو دوسری جانب علاقائی ممالک کے ذریعے جنگ بندی اور جوہری معاہدے کے لیے سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں، تاہم ٹرمپ کی جانب سے حتمی فیصلے اور ایران کے ردعمل تک خطے کی صورتحال غیر یقینی ہے۔