Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

چمن بارڈر کی بندش کا معاملہ قومی اسمبلی تک پہنچ گیا، تاجروں نے سردار ایاز صادق کے سامنے اہم مطالبات رکھ دیے

اسلام آباد: چمن بارڈر کی بحالی، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور صنعتی زون کو فعال بنانے کیلئے چمن چیمبر آف کامرس کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی، جس میں سرحدی تجارت کی بحالی اور تاجروں کو درپیش معاشی مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ کی قیادت میں چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔ وفد میں بلوچستان اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر میر سلیم احمد کھوسہ، چمن چیمبر کے صدر حاجی علاؤ الدین اچکزئی، سابق صدر حاجی رحمت اللہ پہلوان، حاجی عبدالمنان خان درانی، ایڈووکیٹ ہمایوں خان اچکزئی، سیکرٹری نقیب اللہ اچکزئی اور ایگزیکٹو ممبر محمود خان شامل تھے۔

ملاقات کے دوران جمال شاہ کاکڑ نے چمن بارڈر کی طویل بندش سے مقامی تاجروں، کاروباری طبقے اور سرحدی علاقوں کے عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ سرحدی گزرگاہ بند ہونے سے چمن اور ملحقہ علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں جبکہ ہزاروں افراد کے روزگار اور کاروبار کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ چمن بارڈر کے ذریعے امپورٹ اور ایکسپورٹ کا سلسلہ بحال کیا جائے، چمن آئی ٹی ٹی ای میس کو ڈرائی پورٹ قرار دیا جائے اور چمن انڈسٹریل زون کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے تاکہ علاقے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ اور مقامی افراد کو روزگار کے نئے مواقع میسر آسکیں۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ چمن بارڈر کی بندش اور تاجروں کے دیگر مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام اور فورمز سے رابطہ کیا جائے گا اور ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی روابط کا فروغ پاکستان کے وسیع تر معاشی مفاد میں ہے۔ تجارت اور برآمدات میں اضافے سے ملکی معیشت مضبوط ہوگی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ چمن بارڈر کے ذریعے درآمدات و برآمدات کی بحالی سمیت تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More