صحافیوں کیلئے بڑی پیش رفت، سرکاری اشتہارات کا اجرا تنخواہوں کی ادائیگی سے مشروط کرنے کا فیصلہ: سرفراز بگٹی
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ کی سربراہی میں صحافیوں کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی، جس میں صحافیوں کو درپیش مسائل، ٹی وی چینلز کے بیوروز کی بندش اور جرنلسٹس ہاؤسنگ اسکیم سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے نمائندے بھی شریک تھے۔ اس موقع پر صحافیوں نے بلوچستان میں میڈیا کو درپیش مشکلات اور صحافتی برادری کے دیرینہ مسائل سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے صحافی مشکل حالات اور مختلف چیلنجز کے باوجود اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، جن کی خدمات قابل قدر ہیں۔ آزاد اور ذمہ دار صحافت معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے اور عوامی مسائل کی نشاندہی کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے اور جرنلسٹس کالونی کے قیام کے حوالے سے عملی پیش رفت جاری ہے۔ صحافیوں کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ اخبارات کو سرکاری اشتہارات کا اجرا میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی باقاعدہ ادائیگی سے مشروط کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے معاشی حقوق کا تحفظ اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانا ضروری ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے یقین دہانی کرائی کہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ فورمز پر اقدامات کیے جائیں گے جبکہ حکومت میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ مشکلات کے ازالے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔