گوادر: نئے ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی انیس طارق گورگیج کو شہر میں پانی کی موجودہ صورتحال، آبی ذخائر اور مستقبل میں ممکنہ قلت سے نمٹنے کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر واٹر جی ڈی اے میرجان بلوچ نے نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل کو گوادر شہر اور ملحقہ دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی اور دستیاب آبی وسائل سے متعلق آگاہ کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت گوادر کو شادی کور ڈیم، سوڈ ڈیم اور چائنیز ڈی سیلینیشن پلانٹ سے پانی فراہم کیا جا رہا ہے، تاہم سوڈ ڈیم میں پانی کی سطح انتہائی کم ہو چکی ہے اور یہ تقریباً خشک ہونے کے قریب ہے، جبکہ شہر کی پانی کی فراہمی کا زیادہ تر انحصار شادی کور ڈیم پر ہے۔
حکام کے مطابق شادی کور ڈیم سے روزانہ تقریباً 20 لاکھ گیلن، سوڈ ڈیم سے 10 لاکھ گیلن جبکہ گوادر پورٹ اتھارٹی کے زیر انتظام چائنیز ڈی سیلینیشن پلانٹ سے 3 سے 5 لاکھ گیلن پانی حاصل کیا جا رہا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان آبی ذرائع سے حاصل ہونے والا پانی گوادر شہر کے علاوہ راستے میں آنے والے مختلف دیہات، آبادیوں اور سرکاری اداروں کو بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ فی الحال شہر میں پانی کی سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے اور کسی بڑے مسئلے یا شکایت کی اطلاع نہیں ملی۔
تاہم حکام نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ چند ماہ کے دوران بارشیں نہ ہوئیں تو گوادر کو دوبارہ پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے انیس طارق گورگیج نے ہدایت کی کہ ممکنہ آبی بحران سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات مکمل رکھے جائیں اور متبادل آبی ذرائع کی دستیابی یقینی بنانے پر توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے انتظامات کیے جائیں تاکہ بارشیں نہ ہونے کی صورت میں بھی گوادر شہر اور اس سے ملحقہ آبادیوں کو پانی کی بلاتعطل فراہمی جاری رکھی جا سکے۔