اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 روز کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان مقررہ قانونی مدت میں انٹرا پارٹی انتخابات کرانے میں ناکام رہی۔ پارٹی کو انتخابات کے انعقاد کے لیے 15 اکتوبر 2026 تک توسیع دی گئی تھی، تاہم مقررہ وقت گزرنے کے باوجود انتخابی عمل مکمل نہیں کیا گیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کے لیے انٹرا پارٹی انتخابات کرانا لازمی ہے۔ قانون کے مطابق انتخابات مکمل ہونے کے سات روز کے اندر انتخابی سرٹیفکیٹ بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرانا ضروری ہے۔
الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان کو وضاحت پیش کرنے کے لیے 14 دن کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جواب موصول نہ ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔
نوٹس کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے کی صورت میں ایم کیو ایم پاکستان انتخابی نشان حاصل کرنے کی اہلیت سے بھی محروم ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اس معاملے پر 26 اکتوبر 2026 کو بھی ایم کیو ایم پاکستان کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔