Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

اٹک: مریم نواز کا 23 ارب روپے کے 127 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، عوام سے براہ راست ملاقات

 اٹک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اٹک میں 23 ارب روپے کی لاگت سے مکمل اور جاری 127 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا، منصوبوں میں 59 سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی اٹک آمد پر شہریوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر مریم نواز شریف نے سکیورٹی حصار ہٹوا کر شہریوں کو اپنے قریب بلایا اور بچوں کو ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کا موقع بھی فراہم کیا۔

افتتاح کیے جانے والے منصوبوں میں فتح جنگ پنڈی گھیب روڈ، ڈھوک لاہم تا جھمات روڈ اور مٹھیال چوک تا ڈھوک پٹھان روڈ سمیت متعدد اہم سڑکوں کی تعمیر و بحالی شامل ہے۔

کامسیٹس یونیورسٹی کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام سے براہ راست رابطہ ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ گلہ منڈی کے افتتاح کے موقع پر ایک بچی ہجوم سے گزر کر آٹوگراف لینے ان کے پاس پہنچ گئی تھی، جبکہ بعض لوگوں کا خیال تھا کہ وزارت اعلیٰ کے ایک سال بعد عوام ان سے سوالات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں عوام کو اسٹیج سے دور رکھا جاتا تھا، لیکن وہ عوام کے درمیان رہنے اور ان کے مسائل براہ راست سننے پر یقین رکھتی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ زندگی میں مشکلات سے گھبرانے اور ہمت ہارنے کے بجائے ثابت قدم رہنا چاہیے، کامیابی کے لیے آزمائشوں سے گزرنا پڑتا ہے اور جیلیں بھی کاٹنی پڑتی ہیں۔ ان کے مطابق عوام کی خدمت سے حاصل ہونے والا اطمینان کسی اور کام میں نہیں ملتا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ آج ہونہار طلباء ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر رہے ہیں، اٹک کے بازار کو خوبصورتی کے لحاظ سے اس مقام پر پہنچا دیا گیا ہے کہ وہ لبرٹی مارکیٹ کو بھی پیچھے چھوڑ گیا ہے۔ بارش کے بعد پانی جمع ہونے سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لیے اٹک میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔

کرپشن کے الزامات کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر کوئی ان پر ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت کردے تو وہ اللہ تعالیٰ اور عوام کے سامنے جوابدہ ہوں گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More