اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی اپنی جماعت اور اپنی سیاست ہے، اسمبلی میں ان کی تقریر کے بعد انہیں مشورہ دیا تھا کہ بعض الفاظ استعمال نہیں کرنے چاہیے تھے، ملک، قوم اور جمہوریت کے مفاد میں سیاسی کشیدگی کم کرنا ضروری ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حکومتی نمائندوں کی جانب سے بھی جس انداز میں جواب دیا گیا وہ مناسب نہیں تھا۔ 8 اپریل کے بعد سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے پہلی ملاقات ہوئی ہے، جو خوش آئند ہے۔ ان کے مطابق 380 دن بعد ہونے والی اس ملاقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملاقاتوں کی بندش نے سیاسی تناؤ میں اضافہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کسی قیدی کو 15 روز تک اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت نہ دینا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اگر ملاقاتوں کا سلسلہ برقرار رہتا تو حالات میں بہتری آسکتی تھی اور ایمرجنسی یا گورنر راج جیسی صورتحال پیدا نہ ہوتی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اپنا نام فائنل ہونے کی خبروں کی وہ پہلے ہی تردید کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ سیاسی رہنماؤں کی ملاقات کی کوشش کی، اس سلسلے میں علامہ ناصر عباس سمیت اپنے نام پر بھی بات کی، تاہم سیاسی ملاقات ممکن نہ ہونے پر سلمان صفدر کے ذریعے ملاقات کی کوشش کی گئی جو کامیاب رہی۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور سپیکر کی بازیابی سے متعلق درخواست پشاور ہائیکورٹ میں زیر سماعت تھی، جسے لارجر بینچ کو بھجوا دیا گیا ہے۔ امید ہے کہ اس پر جلد سماعت ہوگی۔ ان کے بقول وزیراعلیٰ اور سپیکر کا لاپتہ ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ان کی جماعت کی بھی ضرورت تھی۔ سلمان صفدر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو ایمرجنسی اور گورنر راج سے متعلق صورتحال کا علم تھا، تاہم ملاقات کے دوران انہوں نے زیادہ سیاسی گفتگو نہیں کی اور نہ ہی کوئی ایسی بات سامنے آئی جسے سیاسی خبر قرار دیا جاسکے۔
بیرسٹر گوہر نے اس تاثر کی بھی تردید کی کہ بانی پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا حکومت کے خاتمے کو اچھا قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں ایسی کوئی بات نہیں ہوئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ سیاسی انتقام اپنے عروج پر ہے، جس سے جمہوریت کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت بارہا واضح کر چکی ہے کہ وہ ریاست اور پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ غیر سیاسی خواتین کو جیل میں رکھنے کو وہ غلط سمجھتے ہیں، جبکہ ان کی درخواست پر نورین نیازی کو ایک روز مزید ہسپتال میں رکھا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے لیے بھی کوششیں کر رہی ہے۔ خیبرپختونخوا کے تمام ارکان اسمبلی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک موجود نہیں۔ وزیراعلیٰ کی نشست اہم ہے اور اگر تبدیلی کی صورتحال پیدا ہوئی تو اس حوالے سے فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔
بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے کبھی سوشل میڈیا پر ریاست مخالف بیانیے کی حمایت نہیں کی۔ حکومت، فوج اور ریاست سب پاکستان کا حصہ ہیں، ہماری ترجیح پہلے پاکستان اور اس کے بعد سیاست ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے ذاتی معالجین کو ان تک رسائی دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی منتقلی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، نہ ہی بنی گالا یا اسلام آباد جیل منتقل کرنے کی تجویز زیر بحث آئی۔
[…] جیل روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ ملاقات کا مقصد صرف زیرِ سماعت مقدمات سے […]