اسلام آباد: وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اپنی کارکردگی کا جواب دینا ہوگا، کیونکہ جماعت گزشتہ 13 سال سے صوبے میں حکومت کر رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وفاقی حکومت کی اولین ترجیح عوام کا تحفظ اور خیبرپختونخوا میں امن کا قیام ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو سنجیدہ کردار ادا کرنا چاہیے۔
وفاقی وزیر کا مولانا فضل الرحمٰن کے مؤقف پر اظہارِ افسوس، کہا دہشت گردی کے خلاف سیاسی الزام تراشی کے بجائے قومی اتحاد کی ضرورت ہے
وفاقی وزیر نے مولانا فضل الرحمٰن کو سینئر سیاستدان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردی کے نقصانات سے بخوبی آگاہ ہیں، اس لیے ان سے توقع ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جاری قومی کوششوں کا ساتھ دیں گے۔
انہوں نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کو معدنی وسائل پر قبضے سے جوڑنے سے متعلق مولانا فضل الرحمٰن کے مؤقف پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی جیسے سنگین قومی مسئلے کو سیاسی الزامات کی نذر کرنے کے بجائے اس کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کے افسران اور جوان ملک میں امن قائم کرنے کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں سیاسی محاذ آرائی کے بجائے قومی اتحاد اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن، تحفظ اور ترقی کے خواہاں ہیں، لہٰذا سیاسی تنازعات کو بڑھانے کے بجائے عوامی مسائل کے حل اور دہشت گردی کے خاتمے پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر صوبائی حکومت کی جواب دہی ضروری ہے، جبکہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
[…] پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے لیے بھی کوششیں کر رہی ہے۔ خیبرپختونخوا کے تمام ارکان اسمبلی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور […]