کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ ان کے ذاتی تعلقات عزت و احترام پر مبنی ہیں اور وہ ان کی سیاسی بصیرت اور تجربے کا احترام کرتے ہیں، تاہم خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی حکومتوں کا موازنہ کرتے وقت زمینی حقائق اور دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اور ان کی جماعت خود بھی دہشت گردی کے واقعات کا نشانہ بنتے رہے ہیں، اس لیے توقع ہے کہ وہ اس حساس قومی مسئلے پر رائے دیتے ہوئے ریاستی کوششوں اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی پیش نظر رکھیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ صوبے میں سیاسی اختلافات کے باوجود حکومت اور اپوزیشن دہشت گردی کے خلاف مشترکہ مؤقف رکھتے ہیں۔ بلوچستان اسمبلی میں اہم فیصلوں اور سکیورٹی معاملات پر اپوزیشن کو اعتماد میں لیا جاتا ہے، جبکہ حکومت تمام پارلیمانی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا مولانا فضل الرحمٰن کے بیان پر ردعمل، کہا خیبرپختونخوا اور بلوچستان کا موازنہ زمینی حقائق اور عملی اقدامات کی بنیاد پر ہونا چاہیے
انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے پارلیمانی لیڈر میر جہانزیب مینگل کے بیانات بھی اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ صوبے کی سیاسی قیادت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام، نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) اور دیگر پارلیمانی جماعتیں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ مؤقف رکھتی ہیں اور قومی سلامتی کے معاملات کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر دیکھنے کی ضرورت کو تسلیم کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ محض بیانات یا سیاسی دعوؤں کا معاملہ نہیں بلکہ ریاست اور پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پاک فوج سمیت تمام سکیورٹی اداروں کے افسران اور جوان اس جنگ میں بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، جبکہ ہر شہادت کے پیچھے ایک خاندان کا دکھ اور ادھورے خوابوں کی داستان ہوتی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر غیر واضح مؤقف اختیار کرنا یا حقائق کو نظرانداز کرنا قومی مفاد کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ پائیدار امن کے بغیر ترقی، عوامی فلاح اور معاشی استحکام کے اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے اور بلوچستان حکومت کی کارکردگی سمیت تمام معاملات کا جائزہ حقائق، عملی اقدامات اور عوام کو فراہم کیے گئے نتائج کی بنیاد پر لیا جانا چاہیے۔
سرفراز بگٹی نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر دیکھنا چاہیے۔ قومی یکجہتی، ذمہ دارانہ سیاسی گفتگو اور ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون ہی پائیدار امن کے قیام میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ قومی سلامتی سیاست سے بالاتر ہے اور اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، تاہم ریاست کو سیاسی مفادات کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔
[…] سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے دہشت گردی کے […]
[…] سرفراز بگٹی نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانیاں جمہوری […]
[…] میں میر سرفراز بگٹی نے یونیورسٹی انتظامیہ، فیکلٹی اور منتظمین کا شکریہ […]