ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی نئی فلم ’کنگ‘ نے سینما گھروں میں نمائش سے قبل ہی مختلف کاروباری معاہدوں کے ذریعے مبینہ طور پر 665 کروڑ بھارتی روپے کا پری ریلیز بزنس کرلیا ہے، تاہم فلم کی مالی کامیابی کے لیے باکس آفس پر بھی بڑی کمائی درکار ہوگی۔
ہدایت کار سدھارتھ آنند کی فلم 24 دسمبر 2026 کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ بھارتی ویب سائٹ پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق فلم کے بیرون ملک ڈسٹری بیوشن حقوق فارس فلمز نے 175 کروڑ روپے کی کم از کم گارنٹی پر حاصل کیے ہیں، جبکہ بھارت میں ڈسٹری بیوشن حقوق پین مرودھر کو 250 کروڑ روپے میں فروخت کیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ معروف اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے فلم کے ڈیجیٹل حقوق 150 کروڑ روپے میں خریدے ہیں۔ اس کے علاوہ سیٹلائٹ حقوق کی مد میں 25 کروڑ اور میوزک حقوق کے عوض 65 کروڑ بھارتی روپے حاصل ہوئے ہیں۔
ان تمام معاہدوں کی مجموعی مالیت 665 کروڑ روپے بنتی ہے۔ تاہم ڈیجیٹل حقوق کے معاہدے کی حتمی رقم فلم کی سینما گھروں میں کارکردگی سے بھی مشروط ہوسکتی ہے۔
فلم کے بجٹ کے حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس کی ابتدائی پروڈکشن لاگت 300 کروڑ روپے تھی، جو بڑھ کر تقریباً 400 کروڑ روپے ہوگئی۔ مارکیٹنگ اور تشہیری مہم پر مزید 50 کروڑ روپے خرچ ہونے کا اندازہ ہے، جبکہ شاہ رخ خان کی فیس سمیت فلم کی مجموعی لاگت تقریباً 550 کروڑ روپے تک پہنچ سکتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پروڈیوسرز اور ڈسٹری بیوٹرز کو اپنے مالی اہداف حاصل کرنے کے لیے ’کنگ‘ کو عالمی باکس آفس پر کم از کم 800 کروڑ بھارتی روپے کا کاروبار کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ فلم ’کنگ‘ شاہ رخ خان اور ہدایت کار سدھارتھ آنند کا 2023 میں ریلیز ہونے والی کامیاب فلم ’پٹھان‘ کے بعد دوسرا بڑا مشترکہ پروجیکٹ ہے۔ ’ڈنکی‘ کے بعد یہ تین سال سے زائد عرصے میں شاہ رخ خان کی پہلی سینما ریلیز ہوگی۔
[…] رہے کہ بھارت میں خود ساختہ جلاوطنی اختیار کرنے والی سابق وزیراعظم […]