Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بجلی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا، فیول سبسڈی دسمبر تک جاری رہے گی: وزیراعظم

 اسلام آباد:   وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے بجلی اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں ہونے دیا، جبکہ عوامی ریلیف کے لیے جاری فیول سبسڈی اسکیم دسمبر کے آخر تک برقرار رہے گی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے مخلصانہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کا دورہ کیا، جبکہ تہران میں ایرانی قیادت کے ساتھ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔ ان کے مطابق تہران میں ہونے والی بات چیت خوشگوار اور مثبت ماحول میں ہوئی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور خطے میں بدامنی کی ایک بڑی وجہ بھی تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں، تاہم حکومت نے توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عام شہریوں پر نہیں پڑنے دیا۔

انہوں نے بتایا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فیول سبسڈی اسکیم شروع کی گئی، جس سے ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد براہ راست فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ اس پروگرام کے لیے 28 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں اور یہ دسمبر کے اختتام تک جاری رہے گا۔ وزیراعظم کے مطابق پٹرول کی قیمت میں فی لٹر 15 روپے اضافے کا بوجھ بھی عوام پر منتقل نہیں کیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ وزیر پٹرولیم اور ان کی ٹیم نے ریفائنریز کے ساتھ اہم بات چیت کی ہے، جبکہ فیول سبسڈی اسکیم میں تعاون نہ کرنے والے پٹرول پمپوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایل این جی مافیا کا دور ختم ہو چکا ہے اور اب معاملات شفافیت اور مسابقت کی بنیاد پر چلائے جا رہے ہیں۔ پی ایس او اور پارکو جیسے سرکاری اداروں کے ذریعے امور انجام دیے جا رہے ہیں، جبکہ ایل پی جی کی فراہمی کے لیے بھی نظام تشکیل دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ سردیوں کی آمد کے پیش نظر ایل این جی، ایل پی جی اور تیل کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ موسم سرما میں عوام کی توانائی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں امن و امان اور ترقی کے لیے 160 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج منظور کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ 2018ء میں ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو چکا تھا، تاہم بدقسمتی سے یہ مسئلہ دوبارہ سر اٹھا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو جی 24 کی چیئرمین شپ سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More