Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

ناسا کی 22 سالہ خلائی دوربین کا مشن ختم، زمین کی فضا میں داخل ہوتے ہی تباہی کا سامنا

 واشنگٹن: امریکی خلائی ادارے ناسا کی معروف خلائی دوربین نیل گیہرلز سوئفٹ آبزرویٹری کا تقریباً 22 سالہ تاریخی مشن اختتام پذیر ہوگیا، خلائی جہاز زمین کی فضا میں داخل ہوگیا جہاں شدید حرارت کے باعث اس کا بیشتر حصہ جل کر تباہ ہونے کا امکان ہے۔

امریکی خلائی فورس کے مطابق تقریباً 3 ہزار 200 پاؤنڈ وزنی خلائی دوربین امریکی مشرقی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 39 منٹ پر انڈونیشیا کے اوپر فضا میں داخل ہوئی۔ تاہم ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ اس کا کوئی ملبہ زمین تک پہنچا ہے یا نہیں۔

ناسا نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ خلائی جہاز کے زمین پر گرنے سے کسی شخص کے زخمی یا ہلاک ہونے کا امکان تقریباً 2 ہزار 100 میں سے ایک ہے۔

سوئفٹ آبزرویٹری کو 20 نومبر 2004 کو امریکی ریاست فلوریڈا کے کیپ کیناویرل سے ڈیلٹا ٹو راکٹ کے ذریعے خلا میں روانہ کیا گیا تھا۔ اس مشن کا بنیادی مقصد کائنات میں ہونے والے انتہائی طاقتور دھماکوں، جنہیں گاما رے برسٹس کہا جاتا ہے، کا مشاہدہ اور تحقیق کرنا تھا۔

اپنی غیر معمولی رفتار اور فوری طور پر سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت کے باعث یہ دوربین بلیک ہولز سے خارج ہونے والی توانائی، کائناتی دھماکوں اور دیگر اہم فلکیاتی واقعات کا مشاہدہ کرتی رہی۔

ناسا کے مطابق حالیہ برسوں میں سورج کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں نے خلائی دوربین کے مدار کو متاثر کیا۔ 2024 میں سورج اپنے 11 سالہ شمسی چکر کے انتہائی فعال مرحلے میں داخل ہوا، جس کے نتیجے میں شمسی شعلوں اور کورونا ماس ایجیکشنز نے زمین کی فضا کو پھیلا دیا۔ اس عمل سے فضائی مزاحمت میں اضافہ ہوا اور دوربین کا مدار بتدریج کم ہوتا چلا گیا۔

خلائی دوربین کو تباہی سے بچانے کے لیے ناسا نے رواں سال جولائی میں خصوصی ریسکیو مشن بھی بھیجا تھا۔ اس مقصد کے لیے تیار کردہ لنک نامی خلائی جہاز کو سوئفٹ آبزرویٹری کے ساتھ منسلک ہو کر اسے دوبارہ مستحکم مدار میں پہنچانا تھا، تاہم یہ کوشش کامیاب نہ ہوسکی اور بالآخر 22 سالہ خلائی مشن اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More