فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایس ایس جی ہیڈکوارٹرز تربیلا کا دورہ، جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا
راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے ہیڈکوارٹرز تربیلا کا دورہ کیا، جہاں جی او سی ایس ایس جی نے ان کا استقبال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے ملکی دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ایس ایس جی کے بہادر اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
دورے کے دوران آرمی چیف کو ایس ایس جی کی خصوصی تربیت، آپریشنل تیاریوں اور مختلف مشنز کی انجام دہی کے لیے دستیاب صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے جدید خصوصی آلات کا مظاہرہ بھی دیکھا، جبکہ ایس ایس جی اہلکاروں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، پھرتی اور خصوصی آپریشنز میں صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور فرائض سے غیر متزلزل وابستگی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی خطرات اور نئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلسل تربیت، مقامی سطح پر صلاحیتوں کو فروغ دینے اور آپریشنل تیاریوں پر غیر سمجھوتہ کن توجہ برقرار رکھنا ضروری ہے۔