اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابیکر سمرا مصطفیٰ علی نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے سوڈانی وزیر داخلہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سوڈان کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور خواہش رکھتا ہے کہ سوڈان موجودہ بحران سے نکل کر ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال ملک بن کر ابھرے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں سوڈان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ زراعت، دفاع، تعلیم اور دیگر شعبوں میں باہمی اشتراک کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی، جی 77 اور دیگر عالمی فورمز پر سوڈان کے تعاون کو پاکستان اہمیت دیتا ہے۔
اس موقع پر سوڈانی وزیر داخلہ نے پرتپاک استقبال اور بہترین میزبانی پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مشکل حالات میں پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے فراہم کی جانے والی انسانی اور طبی امداد کو بھی سراہا۔
بابیکر سمرا مصطفیٰ علی نے سوڈان میں امن و امان کے قیام کے لیے عالمی فورمز پر پاکستان کی حمایت کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے خطے میں امن اور ثالثی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
[…] کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو خیبر پختونخوا میں امن و امان کی […]