اسلام آباد (ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ملک، قوم اور جمہوریت کے استحکام کے لیے بات چیت کا کامیا ب ہونا نہایت ضروری ہے، جبکہ کسی بھی صورت گورنر راج یا ایمرجنسی نہیں لگنی چاہیے۔
مذاکرات پر حکومتی شرط اور پی ٹی آئی کا موقف
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعظم نے مذاکرات کے لیے شرائط عائد کی ہیں، حالانکہ سیاسی لوگ ہمیشہ غیر مشروط طور پر مذاکرات کی میز پر بیٹھتے ہیں۔ ہم نے بات چیت سے کبھی انکار نہیں کیا لیکن مذاکرات بغیر کسی شرط کے ہونے چاہئیں۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومتی ارکان پریس کانفرنسوں پر وقت ضائع کرنے کے بجائے بات چیت پر سنجیدگی دکھاتے تو مسائل حل ہو چکے ہوتے۔ تاہم، ان کی کوشش ہے کہ گفتگو کے ذریعے ہی حل نکالا جائے۔
مطالبات اور بانی پی ٹی آئی کی صحت
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر عائد پابندی ختم کی جائے اور گرفتار تمام رہنماؤں کو فوراً رہا کیا جائے۔ بانی پی ٹی آئی کے علاج کے حوالے سے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ان کے علاج کے لیے لندن سے کوئی ڈاکٹر نہیں بلایا گیا، بلکہ ڈاکٹرز لاہور میں بھی دستیاب ہیں۔
سیاسی رابطے اور آل پارٹیز کانفرنس
محسن نقوی سے ملاقات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ رات کے وقت ان کی محسن نقوی سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ وہ علامہ راجہ ناصر عباس سے ملنے آئے تھے جہاں آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد پر مشاورت کی گئی۔ انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ علامہ ناصر عباس کا یہ کہنا بالکل درست ہے کہ مشروط مذاکرات کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی۔