ابوظہبی: دنیا کے معروف کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائی ننس نے دعویٰ کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی اس کے جدید سیکیورٹی نظام نے 2026 کی پہلی ششماہی میں 80 لاکھ سے زائد صارفین کو ممکنہ مالی فراڈ سے محفوظ رکھنے میں مدد فراہم کی، جبکہ تقریباً 4.6 ارب ڈالر کے ممکنہ نقصانات کی روک تھام بھی کی گئی۔
کمپنی کے مطابق سائبر سیکیورٹی، فراڈ کی نشاندہی اور صارفین کے اکاؤنٹس کے تحفظ کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال بڑے پیمانے پر بڑھایا جا رہا ہے۔
جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مشکوک ٹریڈنگ، اکاؤنٹس تک غیر مجاز رسائی، فشنگ حملوں اور مالی دھوکہ دہی کی مختلف کوششوں کی بروقت شناخت کی جا رہی ہے۔
بائی ننس کا کہنا ہے کہ رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران لاکھوں فراڈ اور فشنگ کوششوں کو ناکام بنایا گیا، جبکہ 42 ہزار سے زیادہ مشکوک اور نقصان دہ ایڈریسز بلیک لسٹ کیے گئے۔ اس عرصے میں صارفین کو روزانہ 14 ہزار سے زائد حقیقی وقت کی سیکیورٹی وارننگز بھی فراہم کی گئیں۔
کمپنی کے مطابق فراڈ اور اسکیمز کی روک تھام کے لیے مصنوعی ذہانت کے 100 سے زائد خصوصی ماڈلز کام کر رہے ہیں، جو مشکوک سرگرمیوں کا تجزیہ کرکے فوری فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان ماڈلز کے ذریعے 80 سے 90 فیصد رسک فیصلے خودکار طور پر کیے جا رہے ہیں، جبکہ پیچیدہ معاملات میں انسانی ماہرین کی نگرانی برقرار ہے۔
بائی ننس نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت کو صارفین کی شناخت کی تصدیق، اکاؤنٹ سیکیورٹی، ادائیگیوں اور مالی لین دین کی نگرانی میں بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق بعض شناختی تصدیقی مراحل میں اے آئی ٹیکنالوجی کے باعث دستی طریقہ کار کے مقابلے میں کارکردگی 100 گنا تک بہتر ہوئی ہے۔
کمپنی نے پیئر ٹو پیئر ٹریڈنگ میں جعلی ادائیگیوں اور سوشل انجینئرنگ کے خلاف بھی خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ اس مقصد کے لیے کمپیوٹر وژن ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے، جو ادائیگی کے ثبوت کی تصاویر اور لین دین کی تفصیلات کا تجزیہ کرکے جعلی دستاویزات کی نشاندہی کرنے میں مدد دیتی ہے۔
بائی ننس کے چیف سیکیورٹی آفیسر جمی سو کا کہنا ہے کہ سائبر سیکیورٹی کے نظام کو مسلسل جانچنا ضروری ہے تاکہ ممکنہ خطرات اور خامیوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔ ان کے مطابق کمپنی صارفین کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور ماہرین کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق مصنوعی ذہانت کا استعمال صرف صارفین کے تحفظ تک محدود نہیں بلکہ کمپلائنس، شناختی جانچ اور اندرونی انتظامی امور میں بھی بڑھایا جا رہا ہے۔ اس وقت مختلف شعبوں میں مصنوعی ذہانت کے 24 سے زائد اقدامات نافذ ہیں، جبکہ کمپنی کا اندرونی اے آئی ٹول مختلف ٹیموں میں تقریباً 72 فیصد استعمال ہو رہا ہے۔
بائی ننس نے واضح کیا کہ اس کے مصنوعی ذہانت کے نظام پرائیویسی کے اصولوں کے تحت کام کرتے ہیں، جہاں صارفین کے ڈیٹا کے محدود استعمال اور ان کے حقوق کے تحفظ کو ترجیح دی جاتی ہے۔