لاہور: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سرحد پار دیوالی کی آتش بازی سے آنے والی آلودگی کے باوجود لاہور کی فضائی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے اور شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس کم ہو کر 208 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پنجاب حکومت کے اداروں کی مسلسل کوششوں، بہتر موسمی حالات، ہوا کی رفتار میں اضافے اور سموگ کے خلاف مؤثر اقدامات کے باعث فضائی آلودگی کی سطح میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ان کے مطابق متعلقہ ادارے مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں اور صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر کے مطابق صبح 9 بجے سے اب تک سول سیکرٹریٹ کا اے کیو آئی 614 سے کم ہو کر 155، بیدیاں کا 746 سے 172، اپر مال کا 621 سے 177 جبکہ پنجاب یونیورسٹی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 768 سے گھٹ کر 181 ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ علامہ اقبال ٹاؤن میں بھی فضائی آلودگی میں نمایاں کمی سامنے آئی ہے جہاں اے کیو آئی 1063 سے کم ہو کر 207 پر پہنچ گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ حکومتی انفورسمنٹ اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور محکمہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور آلودگی کے تمام ذرائع کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری رہیں گے، شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔