استنبول: ترکیہ کے مغربی صوبے ازمیر میں سٹیل فیکٹری میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد حاباس سٹیل پلانٹ کے ملازمین تھے، جو ترکیہ کے بڑے سٹیل پیدا کرنے والے اداروں میں شمار ہوتا ہے۔
میڈیا پر نشر ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں فیکٹری کے اندر آگ کے شعلے اور فضا میں بلند ہوتے دھویں کے سیاہ بادل دیکھے جا سکتے ہیں۔
ازمیر کے گورنر سلیمان البان نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب متبادل بوائلر منتقل کرنے والی کرین گر گئی اور اس پر موجود سامان نیچے بھٹی میں جا گرا، جس کے باعث دھماکہ ہوا۔
دوسری جانب کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حادثہ پلانٹ کی الیکٹرک آرک فرنس پر معمول کی دیکھ بھال کے دوران پیش آیا۔ حکام کے مطابق خدشہ ہے کہ کچھ افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔