Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

شامی گلوکارہ اصالہ نصری کے 60 لاکھ ڈالر مالیت کے زیورات امریکا میں چوری

 دمشق: شام کی معروف گلوکارہ اصالہ نصری کے امریکا میں قیام کے دوران تقریباً 60 لاکھ ڈالر مالیت کے زیورات چوری ہو گئے، واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

یہ واقعہ امریکی شہر ڈیٹرائٹ کے فاکس تھیٹر میں گلوکارہ کے کنسرٹ کے تقریباً ایک ہفتے بعد سامنے آیا۔ اصالہ نصری کے مطابق وہ ڈیٹرائٹ کے ایک ہوٹل میں مقیم تھیں، جہاں سے ان کے قیمتی زیورات غائب ہوئے۔

گلوکارہ نے بتایا کہ ہوٹل پہنچنے کے بعد انہوں نے کنسرٹ کے لیے تیاری کی اور زیورات تبدیل کیے۔ وہ سفر کے دوران اپنے زیورات ہمیشہ اپنے ساتھ رکھتی ہیں کیونکہ انہیں ان کی حفاظت کی فکر رہتی ہے۔

اصالہ نصری کا کہنا تھا کہ چوری ہونے والے زیورات ان کے لیے مالی قدر کے ساتھ گہری جذباتی اہمیت بھی رکھتے ہیں۔ ان میں کچھ زیورات خاندانی ورثہ ہیں، جبکہ دیگر انہیں بچوں، شوہر اور دوستوں کی جانب سے تحفے میں ملے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ امریکا میں یہ ان کے دورے کا آخری کنسرٹ تھا۔ شو کے بعد وہ شدید تھکن کے باعث ہوٹل کے کمرے میں پہنچتے ہی سو گئیں۔ اگلی صبح بیگ کھولنے پر معلوم ہوا کہ زیورات کا ڈبہ غائب ہے، جس پر انہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔

گلوکارہ کے مطابق پولیس نے شکایت ملنے کے بعد مختلف مقامات کی تلاشی لی اور ہوٹل کے عملے سے بھی پوچھ گچھ کی، تاہم ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود زیورات کے بارے میں کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

اصالہ نصری نے بتایا کہ انہوں نے واقعے کی اطلاع فوری طور پر عام نہیں کی کیونکہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ اس خبر سے ان کے دورے پر اثر پڑے۔ انہیں امید تھی کہ پولیس جلد زیورات برآمد کر لے گی۔

دوسری جانب ڈیٹرائٹ کے ریکارڈ کے مطابق شہر میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران چوری سے متعلق جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، جو ریاست مشی گن کی مجموعی شرح سے بھی زیادہ بتائی جاتی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More