کوئٹہ: ایف سی بلوچستان نارتھ کے تعاون سے منعقدہ گرینڈ بلوچستان کرکٹ لیگ کا فائنل کوئٹہ کینٹ کے چاغی سٹیڈیم میں کھیلا گیا، جس میں کوئٹہ بیئرز نے چاغی اسکارپیئنز کو 32 رنز سے شکست دے کر چیمپئن ٹرافی اپنے نام کرلی۔
فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی دلچسپ مقابلے سے بھرپور لطف اٹھایا۔ میچ کے مہمان خصوصی کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین تھے۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل عاطف مجتبیٰ سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
فائنل میں ٹاس جیت کر کوئٹہ بیئرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 196 رنز بنائے۔ جواب میں چاغی اسکارپیئنز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 154 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، یوں کوئٹہ بیئرز نے 32 رنز کے فرق سے کامیابی حاصل کرلی۔
میچ کے اختتام پر تقسیمِ انعامات کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں مہمان خصوصی لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کوئٹہ بیئرز کو 15 لاکھ روپے نقد انعام اور ونر ٹرافی دی گئی، جبکہ رنر اپ چاغی اسکارپیئنز کو 7 لاکھ روپے نقد انعام اور ٹرافی سے نوازا گیا۔
تقریب کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا گیا اور بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور مقامی کرکٹ ٹیلنٹ کو سامنے لانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر چاغی سٹیڈیم میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے ایونٹ کی رونقیں مزید بڑھ گئیں۔ رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگاتے اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے آتش بازی کے مناظر سے خوب لطف اٹھایا۔
گرینڈ بلوچستان کرکٹ لیگ کا فائنل بلوچستان میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے ایک یادگار ایونٹ ثابت ہوا۔
[…] نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل، انسانی صلاحیتوں اور اہم جغرافیائی محل […]
[…] موقع پر برطانیہ اور بھارت میں کرکٹ کھیلنے کے تجربات پر بھی تبادلۂ خیال کیا […]