کراچی: پاکستان کسٹمز نے بلوچستان سے کراچی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 51 کلوگرام چرس برآمد کرلی، کارروائی کے دوران منشیات کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والا ٹرک بھی ضبط کرلیا گیا، جس کی مجموعی مالیت 23 کروڑ 95 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کے مطابق ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن خرخیرہ پر آر سی ڈی ہائی وے کے قریب کارروائی کی گئی۔ اس دوران گاجروں کی آڑ میں منشیات منتقل کرنے والے ٹرک کی تلاشی لی گئی تو اس کے خفیہ خانوں سے 51 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ ڈرائیور کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ منشیات بلوچستان کے علاقے گلستان سے کراچی منتقل کی جا رہی تھیں۔
کسٹمز حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک، اس کے مالی معاونین اور کراچی میں منشیات وصول کرنے والے ممکنہ افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔
پاکستان کسٹمز کے مطابق منشیات کی اسمگلنگ اور بین الصوبائی غیر قانونی ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔
[…] بلوچستان کرکٹ لیگ کا فائنل بلوچستان میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے […]