Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

پرنس ولیم کی بالی ووڈ شخصیات سے ملاقات، سیف علی خان نے شاہی پس منظر پر کیا جواب دیا؟

ممبئی:  برطانیہ کے شہزادے پرنس ولیم نے دورۂ بھارت کے دوران ممبئی میں دھرما پروڈکشنز کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں معروف فلمساز کرن جوہر، اداکارہ کرینہ کپور خان اور اداکار سیف علی خان نے ان کا استقبال کیا۔

ملاقات میں فلموں، ثقافتی تبادلے اور کرکٹ سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو ہوئی، جبکہ سیف علی خان کے خاندانی شاہی پس منظر کا ذکر بھی سامنے آیا۔

سیف علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پرنس ولیم نے ان کے شاہی خاندان سے تعلق کا تذکرہ کیا تو انہوں نے وضاحت کی کہ بھارت میں اب کوئی شاہی نظام موجود نہیں اور ملک اس نظام سے آگے بڑھ چکا ہے۔

اداکار کے مطابق گفتگو کے دوران ان کے والد اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نواب منصور علی خان پٹودی کا ذکر بھی ہوا۔

اس موقع پر برطانیہ اور بھارت میں کرکٹ کھیلنے کے تجربات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں بالی ووڈ اور برطانوی فلمی صنعت کے درمیان تعاون، موسیقی اور مشترکہ فلمی منصوبوں کے امکانات پر بھی بات ہوئی۔ سیف علی خان نے دونوں ممالک کی فلمی صنعتوں کے درمیان مستقبل میں اشتراک کے نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

پرنس ولیم کا دورۂ بھارت ’’ارتھ شاٹ پرائز‘‘ کی تقریبات کے سلسلے میں ہے، جس کے دوران انہوں نے ممبئی کے مختلف ثقافتی اور فلاحی مراکز کا دورہ کیا اور فلمی صنعت سے وابستہ شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More