Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

پنجاب میں فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے اہم پیش رفت، فلم سٹی کے قیام اور فنکاروں کی معاونت پر غور

لاہور:  پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے اعلیٰ سطح کے وفد نے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے ملاقات کی، جس میں فلم انڈسٹری کو درپیش مسائل، بحالی کے اقدامات، فلم سٹی کے قیام اور فنکاروں کی مالی معاونت سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں امجد فرزند کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے وفد میں معروف اداکار شان شاہد، فلم ساز سید نور، چوہدری ذوالفقار، ٹی وی اینکر اور سینئر صحافی ذوالفقار راحت، احمد افتخار اور رانا نعیم شامل تھے۔

ملاقات کے دوران فلم انڈسٹری سے متعلق قانون سازی، پروڈیوسرز کو مالی معاونت کی فراہمی اور مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے وفد کو ایوان کی کارروائی کا مشاہدہ کروایا اور قانون سازی کے حوالے سے پنجاب حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ حکومت پنجاب فن و ثقافت، فنکاروں اور فلمی صنعت کی ترقی کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ فلم سٹی کا قیام بھی ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق حکومتی وژن کا حصہ ہے، جبکہ فلم پروڈیوسرز کی مالی معاونت کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے فروغ اور فلمی صنعت کی بحالی میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہیں۔

اس موقع پر فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد نے مطالبہ کیا کہ فلم سازی کیلئے مختص فنڈز میں پنجاب کے پروڈیوسرز کو ترجیح دی جائے اور مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ وفد نے یہ تجویز بھی دی کہ پنجاب اسمبلی میں قانون سازی کے دوران فلم انڈسٹری اور فنکاروں کے مسائل کو خصوصی اہمیت دی جائے اور متعلقہ افراد کی تجاویز کو قانون سازی کا حصہ بنایا جائے۔

ملاقات کے اختتام پر حکومت، قانون ساز اداروں اور فلم انڈسٹری کے درمیان مؤثر رابطے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More