Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

پاکستان اور آسیان کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، مشترکہ منڈی 95 کروڑ افراد پر مشتمل ہے: سیکرٹری جنرل

اسلام آباد:  نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے پاکستان اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے درمیان تعلقات مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے آسیان کے سیکرٹری جنرل کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسیان کے تعلقات باہمی احترام، خیرسگالی اور امن و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر استوار ہیں، جبکہ پاکستان اس شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کیلئے پُرعزم ہے۔

نائب وزیراعظم کے مطابق وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں سیاسی، اقتصادی، سماجی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس کے علاوہ تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔

آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے کہا کہ پاکستان اور آسیان کے تعلقات کو عملی تعاون میں تبدیل کرنے کا اہم موقع موجود ہے، جبکہ اقتصادی روابط اور عوامی سطح پر تعلقات مضبوط بنانے کے وسیع امکانات ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور آسیان کی مشترکہ منڈی تقریباً 95 کروڑ افراد پر مشتمل ہے، جہاں تجارت اور سرمایہ کاری میں مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قابل تجدید توانائی، غذائی تحفظ اور پائیدار زراعت ایسے شعبے ہیں جن میں دونوں فریق تعاون بڑھا سکتے ہیں۔

ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے پاکستان کے آسیان ریجنل فورم میں فعال کردار کو سراہتے ہوئے مذاکرات کے فروغ اور علاقائی کشیدگی میں کمی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو قابل قدر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی اور عالمی امن کیلئے بین الاقوامی قانون کی پاسداری ضروری ہے۔

آسیان کے سیکرٹری جنرل نے اپنے دورے کے دوران پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
2 تبصرے
  1. […] میں کہا گیا کہ پاکستان سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا […]

  2. […] تعاون کے فروغ، توانائی، تیل و گیس، صنعتی ترقی اور پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی سے متعلق امور زیرِ غور آئیں […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More