اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف 30 نومبر سے روس کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے، جہاں ان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے اہم ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی دعوت پر 30 نومبر کو ماسکو روانہ ہوں گے۔ دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف روسی صدر کو آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دیں گے۔
دورے میں پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ، توانائی، تیل و گیس، صنعتی ترقی اور پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی سے متعلق امور زیرِ غور آئیں گے۔
اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان بینکاری اور تجارتی ادائیگیوں میں درپیش مسائل کے حل پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف روس کا دورہ مکمل کرنے کے بعد ایران جائیں گے، جہاں وہ 3 دسمبر سے شروع ہونے والے 18ویں ای سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔