دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ٹاور کو نشانہ بنانا سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ شہری تنصیبات اور اقتصادی مراکز پر حملے بے گناہ انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایسے قابل مذمت اقدامات علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ پاکستان حوثی ملیشیا سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فوری طور پر حملے بند کرے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے حق کی حمایت کرتا ہے۔ سعودی شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ کے لیے مملکت کے اقدامات کی بھی حمایت کرتے ہیں۔
دفتر خارجہ نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
دوسری جانب سعودی وزارت خارجہ نے واضح کیا ہے کہ مملکت کو اپنی خودمختاری کے دفاع، قومی اثاثوں کے تحفظ اور شہریوں و رہائشیوں کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا مکمل اور جائز حق حاصل ہے۔
سعودی عرب نے خبردار کیا کہ بین الاقوامی قانون کے مطابق سعودی سرزمین یا قومی اثاثوں کو نشانہ بنانے والا کوئی بھی حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سعودی وزارت خارجہ نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کریں۔
[…] ایس پی آر کے مطابق یہ مشق پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ دفاعی تعلقات اور فوجی […]