اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے شہید ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت خیبر پختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی اور بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ مقابلے کے دوران 18 خوارج کو ہلاک کرنا خیبر پختونخوا پولیس کے دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے کی سازش ہے، تاہم ایسے عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا پولیس اور مقامی سول انتظامیہ نے کوہاٹ کے قریب درابوکچ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی میں ملوث عناصر کے خلاف آپریشن کیا تھا۔
آپریشن مکمل کرکے واپس آنے والی پولیس پارٹی پر جرائم پیشہ عناصر کے ایماء پر فتنہ الخوارج نے حملہ کردیا۔ پولیس جوانوں نے حملہ آوروں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے 18 خوارج کو ہلاک کیا، تاہم اس دوران ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت 10 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
واقعے کے حوالے سے بتایا گیا کہ بیرونی قوتوں کے ایماء پر جرائم پیشہ مافیا اور فتنہ الخوارج کا مشترکہ حملہ دونوں گروہوں کے درمیان منظم روابط کی نشاندہی کرتا ہے۔