Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

ملک بھر میں موسم بدلنے کو تیار، تیز بارش، ژالہ باری اور برفباری کا الرٹ جاری

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے موسلادھار بارش، ژالہ باری اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ مری اور گلیات میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، خانیوال، فیصل آباد، ملتان، کوٹ ادو اور بہاولپور میں رات کے اوقات میں دھند اور سموگ چھانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش، پہاڑی مقامات پر برفباری اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں پر پھسلن پیدا ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر مسافروں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم کراچی اور گردونواح میں شام اور رات کے اوقات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں سرد رہنے کی توقع ہے۔ تاہم خضدار، لسبیلہ اور گردونواح میں شام اور رات کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More