شارجہ: شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کے 45ویں ایڈیشن میں عمانی فنکاروں نے روایتی ثقافتی رقص اور خصوصی شاعرانہ پیشکش کے ذریعے شارجہ کے حکمران اور سپریم کونسل کے رکن شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ سلام ہو آپ پر شیخ سلطان کے عنوان سے پیش کیے گئے اس پروگرام نے میلے میں شریک افراد کی توجہ حاصل کرلی۔
شارجہ بک اتھارٹی کے مطابق سلطنت عمان کے معروف ثقافتی گروپ ’’بن داؤد للفنون الشعبیہ‘‘ نے کتاب میلے کے مختلف مقامات پر عمان کے روایتی فن ’’رزفہ‘‘ کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر عمانی شاعر ناصر البادی کی تحریر کردہ خصوصی نظم بھی پیش کی گئی، جس میں شیخ سلطان القاسمی کے لیے محبت، عقیدت، احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
سلام لک یا شیخ سلطان کے الفاظ سے شروع ہونے والی نظم میں شارجہ کے حکمران کی شخصیت اور خدمات کو سراہتے ہوئے عمانی عوام کے جذبات کی ترجمانی کی گئی۔
روایتی عمانی لباس میں ملبوس فنکاروں نے اجتماعی انداز، ہم آہنگ آوازوں اور رزفہ کی مخصوص دھنوں کے ساتھ اپنی پرفارمنس پیش کی۔ اس دوران بڑی تعداد میں زائرین جمع ہوگئے اور فنکاروں کی ثقافتی پیشکش سے لطف اندوز ہوتے رہے۔
واضح رہے کہ شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کے 45ویں ایڈیشن میں سلطنت عمان کو مہمانِ اعزاز کا درجہ دیا گیا ہے، جس کے تحت عمانی ادب، ثقافت اور تاریخی ورثے کو مختلف تقریبات اور پروگراموں کے ذریعے اجاگر کیا جا رہا ہے۔
رزفہ عمان اور متحدہ عرب امارات کا مشترکہ روایتی فن ہے، جس میں اجتماعی شاعری، مخصوص حرکات اور دھنوں کے ذریعے قومی و سماجی جذبات کا اظہار کیا جاتا ہے۔ کتاب میلے میں اس فن کی پیشکش کو دونوں برادر خلیجی ممالک کے تاریخی، ثقافتی اور عوامی روابط کی خوبصورت عکاسی قرار دیا گیا