Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

دریائے مسیسیپی میں بڑا حادثہ، آئل ٹینکر کروز کشتی سے ٹکرا گیا، 32 افراد زخمی

نیواورلینز: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست لوزیانا کے شہر نیواورلینز میں دریائے مسیسیپی پر خوفناک حادثہ پیش آیا جہاں آئل ٹینکر ایک مسافر بردار کروز کشتی سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں کشتی الٹ کر جزوی طور پر ڈوب گئی۔ حادثے میں 32 افراد زخمی ہوئے تاہم تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

امریکی حکام کے مطابق اٹلانٹک اسفالٹ نامی آئل ٹینکر نے بندرگاہ پر موجود امریکی ہیریٹیج نامی پانچ منزلہ کروز کشتی کو ٹکر ماری۔ تصادم کے بعد کشتی میں پانی داخل ہونا شروع ہوگیا اور وہ ایک جانب جھک کر جزوی طور پر ڈوب گئی۔

نیواورلینز کی میئر ہیلینا مورینو نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ حادثے کے بعد کسی مسافر یا عملے کے رکن کے لاپتا ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ تمام افراد کا سراغ لگا کر انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔

امدادی کارروائیوں میں امریکی کوسٹ گارڈ، پولیس، بندرگاہ کے عملے اور قریبی کشتیوں نے حصہ لیا۔ بعض افراد کو دریا میں گرنے کے بعد پانی سے نکالا گیا، جبکہ دو پولیس اہلکار بھی ریسکیو آپریشن کے دوران پانی میں اترے اور زخمی ہوگئے۔

لوزیانا کے گورنر جیف لینڈری نے امدادی اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دریائے مسیسیپی کا تیز بہاؤ اور خطرناک حالات ریسکیو آپریشن کو انتہائی مشکل بنا دیتے ہیں، ایسے میں تمام افراد کو محفوظ نکالنا بڑی کامیابی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹینکر کو حادثے سے پہلے اسٹیئرنگ سسٹم میں خرابی کا سامنا تھا، تاہم امریکی کوسٹ گارڈ نے اسے حادثے کی حتمی وجہ قرار نہیں دیا۔ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ بھی حادثے کی چھان بین کرے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی کہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ 32 زخمی افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے امدادی اداروں کی کوششوں کو بھی سراہا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More