کیپ ٹاؤن: بنگلادیش نے جنوبی افریقا کی سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 400 رنز کا ہندسہ عبور کرلیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بنگلادیش جنوبی ایشیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے جس نے جنوبی افریقا میں کسی ٹیسٹ سیریز کی پہلی اننگز میں 400 یا اس سے زائد رنز اسکور کیے ہیں۔
اس کارنامے کے ساتھ بنگلادیش 17 سال سے زائد عرصے بعد جنوبی افریقا میں 400 سے زیادہ رنز بنانے والی پہلی مہمان ٹیم بھی بن گئی ہے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے 2008-09 کی ٹیسٹ سیریز کے دوران جوہانسبرگ میں پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 466 رنز بنائے تھے۔
جنوبی افریقا میں کسی ٹیسٹ سیریز کی پہلی اننگز میں ایشیائی ٹیم کا سابقہ بہترین اسکور سری لنکا کے پاس تھا، جس نے 2020-21 میں سنچورین ٹیسٹ میں 396 رنز بنائے تھے۔
بنگلادیش کے لیے یہ بھی ایک اہم اعزاز ہے کہ اس نے ایشیا سے باہر کسی ملک میں ٹیسٹ اننگز میں چوتھی مرتبہ 400 رنز کا سنگ میل عبور کیا ہے۔
واضح رہے کہ جوہانسبرگ میں جنوبی افریقا کو آخری مرتبہ 2020 میں انگلینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ میچ میں شکست ہوئی تھی، اس مقابلے میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 400 رنز اسکور کیے تھے۔