ڈرامہ سیریلز سیانی ، میری ماں ، تم کون پیا اور امید سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نے حالیہ گفتگو میں اپنے روحانی سفر کی تفصیلات بیان کیں۔
ایشا نور کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان میں پہلے ہی مذہبی رجحان موجود تھا، تاہم چھوٹی بہن کے قرآن پاک سیکھنے کے بعد انہوں نے بھی ترجمے کے ساتھ قرآن مجید پڑھنا شروع کیا۔ ان کے بقول قرآن کا ترجمہ پڑھتے ہوئے انہیں محسوس ہوا جیسے اللہ تعالیٰ براہِ راست ان سے مخاطب ہیں، جس سے ان کی سوچ اور زندگی میں نمایاں تبدیلی آئی۔
اداکارہ نے بتایا کہ زندگی کے ایک مشکل مرحلے پر انہیں احساس ہوا کہ شوبز سے وابستگی کے ساتھ وہ اپنی خواہش کے مطابق مذہبی زندگی نہیں گزار سکتیں۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے آسانی اور رہنمائی کی دعا کی، جس کے بعد ان کے لیے نئے راستے کھلتے چلے گئے۔
شوبز سے علیحدگی کے بعد ایشا نور نے کاروبار کا آغاز کیا اور اب اپنی ٹریول ایجنسی چلا رہی ہیں، جہاں دیگر افراد کو بھی روزگار فراہم کر رہی ہیں۔
اداکارہ کے روحانی سفر اور زندگی میں تبدیلی کے فیصلے کو سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل ہو رہی ہے۔