غیر ملکی میڈیا کے مطابق رسل برانڈ کی اہلیہ لورا برانڈ نے ان کا تحریری پیغام یوٹیوب چینل پر جاری ویڈیو میں پڑھ کر سنایا۔
اپنے پیغام میں اداکار کا کہنا تھا کہ وہ ان جرائم کے مرتکب نہیں جن کی بنیاد پر انہیں جیل بھیجا گیا، اس لیے ان کے ساتھ پیش آنے والی صورتحال ان کے لیے غیر معمولی ہے۔
رسل برانڈ نے اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مذہبی عقائد، معافی اور ایک دوسرے کے لیے دعا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے جیل عملے کے رویے کو بھی سراہا اور مداحوں سے اہلیہ اور خاندان کی حمایت جاری رکھنے کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ لندن کی ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ میں چار ہفتے جاری رہنے والے مقدمے میں رسل برانڈ کو جنسی زیادتی کے ایک اور جنسی حملوں کے تین الزامات میں مجرم قرار دیا گیا تھا، جس پر عدالت نے انہیں 10 سال اور 6 ماہ قید کی سزا سنائی۔
دوسری جانب مزید چھ خواتین بھی اداکار پر مبینہ جنسی بدسلوکی کے الزامات عائد کر چکی ہیں۔